کاروار:9/اگست(ایس او نیوز)حالیہ دنوں میں کچھ زیادہ ہی خون کی ضرورت محسوس ہورہی ہے، ایسے کئی مواقع ہیں جہاں بہت زیادہ خون کی مانگ کی جارہی ہے، جیسے عورتوں کے زچگی کے دوران ، آپریشن کے دوران اور حادثے وغیرہ پر اس کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ ہمیں ایسے مواقعوں پر خون اور خون عطیہ کی اہمیت کا پتہ چلتاہے، اسی لئے صحت مند افراد وقتا فوقتاً خون کا عطیہ دینےکے ساتھ ساتھ اداروں اور تنظیموں کے ذریعے بھی عطیہ کیمپ منعقد کرتے ہوئے عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اترکنڑا ڈی سی، ایس ایس نکول نے کیا۔
وہ یہاں آزاد یوتھ کلب کاروار، رابعہ بی شیخ اسماعیل میمورئیل ایجوکیشن اینڈ چارٹیبل ٹرسٹ کاروار، لائنس کلب کاروار، کلور ایجوکیشن ٹرسٹ کارواراور ضلعی اسپتال کاروار کے اشتراک سے آزاد یوتھ کلب کے یومِ تاسیس کے موقع پر ضلعی اسپتال کے خون عطیہ مرکز پر منعقدہ خون عطیہ کیمپ کا چراغ جلا کرافتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔
مہمانِ خصوصی کے طورپر ضلع صحت عامہ اور خاندانی فلاح وبہبودی افسر ڈاکٹر جی این اشوک کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ خون کا عطیہ دیں، خون عطیہ مرکز پر جو خون عطیہ کیا جاتاہے وہ بالکل محفوظ ہوتاہے۔ ضلعی اسپتال کے سرجن ڈاکٹر شیوانند کوترکر نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اسپتال میں خاص کر زچگی کے دوران خون کی بہت زیادہ ضرورت پڑتی ہے، اس لئے خون کو وقت سے پہلے محفوظ کریں تو وقت پر ضرورت مند لوگوں کو مہیا کر سکتے ہیں۔ بطور مہمان ڈائس پر قومی ایوارڈ یافتہ ،خون عطیہ گان نذیر احمد یو شیخ، رابعہ بی میمورئیل ٹرسٹ کے صدر ایم ای شیخ، لائنس کلب کے صدر محمد حنیف ملا موجود تھے۔ ابتداء میں بھارتیہ ریڈکراس کی ممبر فیروزہ بیگم شیخ نے افتتاحی کلمات پیش کرتےہوئے حاضرین کا استقبال کیا۔ کلور ایجوکیشن ٹرسٹ کے صدر ابراہیم کلور نے شکریہ اداکیا۔ کیمپ کا مختلف ذمہ داروں نے انتظام کیا تھا۔ کیمپ میں خون عطیہ کرنے والوں کو منتظمین کی طرف سے خون عطیہ کو ترغیب دینے والے ٹی شرٹ تقسیم کئے گئے۔